کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے چین میں منعقدہ گوتھیا کپ فٹبال ٹورنامنٹ2019 کے بوائز انڈر11 ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کرنے پر فیئر پلے ٹرافی اپنے نام کرلی۔مقامی شہر کوئنگ ڈاو میں66 ٹیموں کے درمیان 14اگست سے شروع ہونے والے بوائزانڈر11 ٹائٹل کے مقابلوں میں پاکستان کی واحد ٹیم تھی جو گرلزاور بوائز پر مشتمل تھی، مخلوط ٹیم نے اچھے کھیل کی بدولت منتظمین سے پذیرائی حاصل کی جبکہ تماشائیوں نے بھی داد تحسین سے نوازا، پاکستان کو لیگ کے 8 میں سے 4 میچز میں فتح حاصل ہوئی، 3 میچز میں ناکامی کا سامنا رہا جبکہ ایک مقابلہ برابر رہا۔واضح رہے کہ پروفیشنل فٹبال کلب کے تحت پہلا گوتھیا ٹورنامنٹ 1975 میں سوئیڈن کے شہرگوتھنبرگ میں کھیلا گیا، رواں سال 19 اگست تک ہونے والے ٹورنامنٹ میں بوائز انڈر9 سے لے کر انڈر 25 کی ٹیمیں شریک ہیں جبکہ گرلز کے لیے انڈر 10سے انڈر16 تک کے ایونٹس ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔ان مقابلوں میں 75 ممالک کی 1686 ٹیمیں شریک ہیں، ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کوئنگ ڈاو ایگری کلچرل یونیورسٹی کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔