لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کی پھرتیاں، صوبائی انڈر 19 ٹیموں کے ٹرائلز کے لیے جاری کئے گئے شیڈول میں سنگین غلطیاں سامنے آگئیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں قائم شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ نے ٹرائلز کا شیڈول جاری کرتے وقت بلوچستان اور ساوتھ پنجاب میں ایک جیسے ریجنز شامل کر دئیے ہیں۔ پی سی بی کے نئے سٹرکچر کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی ریجنز جبکہ ساوتھ پنجاب میں بہاولپور اور ملتان ریجنز کے منتخب کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہونا ہیں۔ پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں بلوچستان اور ساوتھ پنجاب دونوں مقامات پر ڈیرہ مراد جمالی اور کوئٹہ ریجن کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز شیڈول کردئیے گئے ہیں۔ پی سی بی شیڈول ملنے کے بعد سے بلوچستان اور ساوتھ پنجاب کے نوجوان کھلاڑی ،سلیکٹرز اور آرگنائزرز پریشانی کا شکار ہیں کہ وہ ٹرائلز کس شہر میں دیں۔ پی سی بی ٹرائلز کا شیڈول ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید کے دستخطوں کیساتھ جاری کیا گیا ہے۔ بورڈ حکام نے غلطی کی نشاندہی ہونے پر کوچز اور سلیکٹرز کو فون کرکے غلطی تصیح کردی ہے۔