لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ و تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں سے ا ظہار یکجہتی کیلئے نیلم روڈ مظفر آباد پر’’ غزوہ کشمیر ‘‘کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ کانفرنس کی صدارت تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے مرکزی نائب امیر علامہ محمد عبدالرشید اویسی صاحب نے کی جبکہ تحریک لبیک یارسول اللہ ؐآزاد کشمیر کے سربراہ مفتی محمد عمران رضا شیرازی ،سیرت کمیٹی کے رہنما محترم محمد عتیق کیانی ،مفتی محمد جعفر بشیر جلالی ،مولانا محمد ضیاالمصطفیٰ منور، صاحبزادہ محمد حامد مصطفیٰ جلالی، مولانا محمد ذولفقار نقشبندی ،میاں محمد بشیر نقشبندی و یگر رہنما بھی موجود تھے ۔تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم ،تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے غزوہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔کشمیر کی خصوصی ریاستی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اعلان سراسر دہشتگردی ہے اگر اس پر آج خاموشی اختیارکر لی گئی تومسئلہ کشمیر ہمیشہ کے لیے دفن ہوجائے گا ، فلسطینیوں کی طرح کشمیری بھی بے گھر ہو جائیں گے اور آج ہمارے چند لمحوں کی سستی کی سزا کشمیریوں کو کئی صدیوں تک برداشت کرنی پڑے گی ۔ مقبوضہ وادی کی نہایت گھمبیر صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے پاکستان پر جہاد فرض ہو چکا ہے۔
کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کابھارتی اعلان سراسردہشتگردی ہے :اشرف جلالی
Aug 19, 2019