اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو(نیب) ملتان نے اجوہ گارڈن ہائوسنگ سوسائٹی بہاولپور سے متعلق جاری انویسٹی گیشن کے دوران سابق ٹی ایم او عطاء اللہ واہلہ اور ضلع کونسل بہاولپور کے چیف آفیسر ارشد گھمن کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کو آج پیر کو متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس مقدمہ میں نیب نے پہلے چار ملزموں اجوہ ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک/ڈویلپر محمد رفیق جاوید، تحصیل آفیسر (آئی اینڈ ایس) ریاض احمد، اسسٹنٹ علی اکبر کامران اور ہیڈ کلرک/بلڈنگ انسپکٹر میونسپل کارپوریشن بہاولپور کو 16اگست کو گرفتارکیا تھا اور مذکورہ ملزمان 30اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ ملزم اجوہ ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک/ڈویلپر محمد رفیق جاوید بڑے پیمانے پر لوگوں سے دھوکہ دہی میں ملوث ہے، مذکورہ ملزم نے لوگوں کو پلاٹ فروخت کیے اور ان سے رقم اکٹھی کی تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود وہ ترقیاتی کام کرانے میں ناکام رہا۔ مذکورہ ملزم نے میونسپل کارپوریشن بہاولپور کے افسران سے ملی بھگت کر کے ترقیاتی کاموں کے بدلے ضمانت کے طور پر گروی رکھی گئی زمین کو قابل فروخت ہونے کی اجازت حاصل کی۔ انہوں نے اس سکیم کے نام پر لوگوں کی محنت کی کمائی لوٹی جس کی مالیت تقریباً 152ملین روپے بنتی ہے۔