بیروت(اے پی پی) بیروت دھماکو ں کی تحقیقات کرنے والے لبنانی حکام نے ملک کی کسٹمز اتھارٹی کے سربراہ بدری داہر کو باقاعدہ طور پرگرفتار کر لیا۔ وہ 4 اگست کو ہونے والے دھماکے کے بعد سے ہی زیر حراست تھے۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جج فادی سوان نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے سے قبل ان سے ساڑھے چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ جج فادی سوان بیروت بندرگاہ کے سینئر ترین عہدیدار حسن قوریطم سے بھی پوچھ گچھ کریں گے۔ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیروت میں سرکاری حکام بندرگاہ کے ایک ویئر ہائوس میں 2,750 ٹن امونیم نائٹریٹ کے موجود ہونے اور اس سے شہر اور شہر کی آبادی کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے۔ لبنانی صدر مائیکل عون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کا عمل بہت پیچیدہ ہے اور اس کے جلد مکمل ہونے کا امکان نہیں۔ا نہوں نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات میں امریکی ادارہ ایف بی آئی کے نو اہلکار اور فرانسیسی ماہرین بھی لبنانی حکام کی مدد کر رہے ہیں۔
لبنانی حکام نے بیروت دھماکو ں کی تحقیقات کرنے والے کسٹمز اتھارٹی کے سربراہ بدری داہر کو گرفتار کر لیا
Aug 19, 2020