منیلا(نیٹ نیوز) فلپائن میں 6.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صوبے ماسبات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ 50 سے زائد مریضوں کو ہسپتال لایا گیا جس میں سے ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔مکمل طور پر تباہ ہونے والی عمارتوں میں 2 کرونا طبی سینٹرز، ایک پل اور پورٹ میں واقع ایک عمارت بھی شامل ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔زلزلے سے تباہ ہونے والے دو کرونا سینٹرز میں زیر علاج 100 سے زائد مریضوں کو قریبی سکول کی عمارت میں منتقل کردیا گیا ہے۔ کرونا کے مریضوں کو بھی چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ خطرے سے باہر ہیں۔