شہر میں21 لاکھ کے ڈاکے، کامونکے ٹول پلازہ کے قریب پولیس مقابلہ،3 ڈاکو مارے گئے

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ کامونکے‘ وزیر آباد (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگاران) لاہور میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی‘ طلائی زیورات‘ موبائل فون‘ موٹر سائیکلوں‘ گاڑیوں اور دیگر سامان سے محروم ہو گئے۔ جبکہ کامونکے ٹول پلازہ کے قریب پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں عامرکے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر6لاکھ 30ہزار روپے مالیت، شمالی چھاؤنی کے علاقے میں عادل کے گھر سے5لاکھ10ہزار روپے مالیت، چوہنگ کے علاقے میں فواد کے گھر سے 4لاکھ 46ہزار روپے مالیت، رائے ونڈ سٹی کے علاقے میں فرقان کے گھر سے3 لاکھ 26 ہزار روپے مالیت، نولکھاکے علاقے میں کاشف کے گھر سے 2لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی5 وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے ڈیفنس اور شالیمار کے علاقوں سے 2کاریں جبکہ گرین ٹاؤن، ملت پارک، مصری شاہ، اچھرہ اور ہنجروال کے علاقوں سے5 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ دوسری جانب جی ٹی روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب پولیس مقابلہ میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ وزیرآباد علاقہ چیمہ کالونی میں واقع سلمان جوندہ کے گھر میں کار سوار چار مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور لاکھوں مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا، سلمان جوندہ کی والدہ نے ڈاکوؤں کے زیر استعمال گاڑی کا نمبر نوٹ کرکے پولیس کو اطلاع دی پولیس نے ناکہ بندی کروا دی ڈاکو جب کامونکے ٹول پلازہ کے قریب پہنچے تو ایس ایچ او صدر انسپکٹر ناصر محمود پنوں، سی آئی اے گوجرانوالہ  اور ایلیٹ فورس نے ڈاکوؤں کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے پولیس مقابلہ کے دوران تینوں ڈاکو مارے گئے۔ لٹنے والی متاثرہ فیملی نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو شناخت کرلیا، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...