لاہور(وقائع نگار خصوصی) پائلٹس کے جعلی لائسنسوں کے اجراء کا معاملہ پی آئی اے کے دو اور پائلٹس نے لائسنس بحالی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواستیں عامر محمود ملک اور سید محسن علی زیدی نے دائر کی ہیں۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے میں عرصہ دراز سے بطور پائلٹ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے موقف سنے بغیر خلاف قانون لائسنس معطل کردیا۔ ڈی جی اتھارٹی کو آئین پاکستان کے برعکس اپیل سننے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔ رولز کے مطابق محکمانہ سزا دینے والا افسر اپیل سننے کا اختیار نہیں رکھتا، دوران ڈیوٹی درخواست گزار کے لائسنسں کی متعدد بار تجدید کی گئی۔ درخواست گزار کا لائسنس 2024 تک تجدید شدہ ہے۔ ہائیکورٹ کے دو مختلف سنگل بنچ اسی نوعیت کے کیس میں حکم امتناعی دے چکے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزار کا پائلٹ لائسنس معطل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اورعدالت سے استدعا ہے کہ حتمی فیصلے تک لائسنس معطلی کا حکم معطل کرنے کا حکم دیا جائے۔
پی آئی اے کے مزید 3 پائلٹس نے لائسنس بحالی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
Aug 19, 2020