پانچویں سے دسویں تک کلاسز شروع کرنے، تمام  بچے ایک روز نہ بلانے کا فیصلہ 

لاہور/ ملتان (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیر سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی لاہور میں پرائیویٹ سکول مالکان سے اہم ملاقات منعقد ہوئی جس کا بنیادی مقصد نجی سکول مالکان کے ساتھ سکول کھولنے کے حوالے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے حوالے اظہار خیال کرنا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا تھا۔ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سکول کھولنے اور موجودہ حالات میں ان کو مخفوظ طریقے سے آپریٹ کرنا انتہائی مشکل عمل ہے لہٰذا تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرنا ہو گا۔ پہلی سے چوتھی جماعت تک کے طلباء کو ابھی کچھ عرصے تک سکول نہ بلانے کی تجویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں کو دو شفٹوں یا دنوں کے حوالے سے تقسیم کر کے کھولا جائے گا۔ ڈاکٹر مراد راس نے یہ بھی کہا کہ سکول کھلنے کا ختمی فیصلہ ستمبر کے مہینے میں ہو گا اور کسی بھی سکول کو 50 فیصد سے زائد طلباء بیکوقت بلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن سارہ اسلم سمیت پرائیویٹ سکول مالکان شریک ہوئے جن میں ایچیسن کالج، لاہور گرامر سکول، لکاس سکول، بیکن ہاوس سکول، لرننگ الائنس سکول، دی سٹی سکول، کانوینٹ سکول، سیکرڈ ہارٹ سکول، بلومفیلڈ سکول، پاک ترک مارف سکولز، محمدیہ گرلز ہائی سکول، یونیک سکولز، دار ارقم سکولز، امریکن لائیشم و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں تمام سکول مالکان نے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے حوالے اپنی تجاویز پیش کیں اور حکومت کی پالیسی اور احتیاطی تدابیر پر پوری طرح سے عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے طلباء کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے سکول کھولنے پر کام کرنا ہے اور  اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے سکولوں کو ہفتے میں 5 دن مخض اساتذہ کے لئے کھولنے کی اجازت بھی دی جائے گی اور نجی سکول مالکان کو اپنے اساتذہ اور دیگر سٹاف کو کرونا سے بچائو کے حوالے بھرپور ٹریننگ دینا ہوگی۔ ہمیں طلباء کی خفاظت کے لئے ایسے جامع اقدامات کرنے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو مطمئن ہو کر سکول بھیج سکیں-ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ضرور ہوئی ہے مگر خطرہ اب بھی موجود ہے۔ کاویڈ 19 کی بدولت درپیش مشکل حالات میں نجی سکول مالکان کی جانب سے کئے جانے والے تعاون کے لئے ان کے شکرگزار ہیں. وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ سکول کھلنے کے بعد تمام نجی و سرکاری سکولوں کی صفائی ستھرائی اور سینٹائیزیشن کا خصوصی خیال رکھنا سب کے لیے لازم ہو گا-آخر میں صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ نجی سکول مالکان سے ملاقات خوش آئند اور تسلی بخش رہی اور انہوں نے تمام سکول مالکان سے درخواست بھی کی کہ ان مشکل حالات میں سکولوں کی فیسیں بڑھانے جیسا کوئی بھی فیصلہ نہ لیا جائے۔ پنجاب بھر کے سکولز مرحلہ وار کھولنے پر اتفاق ہوگیا، پندرہ ستمبر سے پانچویں سے دہم جماعت کے بچوں کیلئے سکولز کھول دیئے جائیں گے، پہلی سے چوتھی جماعت کے بچوں کی کلاسسز جنوری سے شروع کئے  جانے کا اامکان ، پرائیویٹ سکول مالکان سے 25 اگست تک تجاویز مانگ لی گئیں ،  پہلے مرحلے میں پانچویں سے دہم جماعت کے بچوں کو بلوایا جائے گا جبکہ پہلی سے چوتھی جماعت کے بچوں کو جنوری میں سکول بلوائے جانے پر غور کیاگیا۔ ایس او پیز کے مطابق  آدھے بچے ایک دن اور آدھے اگلے روز بلوائیں جائیں گے۔ایک دن سکول آنے  والے بچوں کو اگلے روز چھٹی ہوگی۔ نجی سکول مالکان کے  اصرار پر کمرہ جماعت میں طلباء  کا درمیانی فاصلہ چھ فٹ سے کم کرکے 3 فٹ کردیا گیا ہے۔ سکول ایجوکیشن نے نجی تعلیمی اداروں سے بچوں کو سکول بلوانے کے حوالے سے 25 اگست تک پلان مرتب کرکے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن