اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دو سال مکمل ہوگئے اور اس دوران مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے سستی اشیاء کی فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور حکومت کے 2 سال کے دوران مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق 2 سال میں آٹے کی فی کلو اوسط قیمت میں 12 روپے اضافہ ہوا جس سے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت میں 331 روپے کا اضافہ ہوا جب کہ 2 سال میں چینی کی اوسط قیمت فی کلو 40 روپے بڑھ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 سال میں دال مسور 38 روپے، دال مونگ 115 روپے، دال ماش 95 روپے، دال چنا 19 روپے، چاول 13 روپے اور دودھ 17 روپے فی لٹر مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ چھوٹے گوشت کی قیمت میں184، بڑے گوشت کی قیمت میں 95 روپے اضافہ ہوا۔ 2 سال کے اندر آلو کی قیمت ڈبل سے بھی زیادہ ہو گئی اور 2 سال میں 200 گرام چائے 26 اور دہی 17 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔
حکومت کے 2 سال: آٹا 12، چینی 40، مٹن 184 روپے مہنگا ہوا: ادارہ شماریات
Aug 19, 2020