نئے ہسپتالوں کے قیام کے منصوبہ جات کا ترجیحی بنیادوں پر آغاز کیا جائے۔ ہسپتالوں کی تعمیر کے لیے موزوں مالیاتی منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے انفراسٹریکچر اور دیگر سہولیات کی الگ الگ درجہ بندی کی جائے۔ انفراسٹریکچرپر سرمایہ کاری کے مثبت نتائج کے لیے موزوں انسانی وسائل سے استفادہ کیا جائے۔ اس ضمن میں انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی خدمات معاون ثابت ہوں گی۔
یہ ہدایات صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت رواں مالی سال میں محکمہ صحت کو ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور آئندہ منصوبہ جات کے لیے مالی منصوبہ بندی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کا شعبہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے فنڈز کے بروقت اجراء کے لیے حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم شعبہ جاتی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ صحت کی سہولیات تک آسان رسائی کے لیے جاری منصوبہ جات کے دائرہ کار کو پھیلایا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کورونا کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کورونا کے دوران خدمات سرانجام دینے والے طبی عملہ کے لیے خصوصی مراعات کی بھی حمایت کی۔اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ شیخ حامد یعقوب،سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر، سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ صحت کے جاری منصوبہ جات میں ہیلتھ کارڈ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔
نئے ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ شیخ حامد یعقوب نے رواں مالی سال میں محکمہ صحت کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے لیے مجوزہ پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کورونا کے دوران محکمہ صحت کو ضرورت کے مطابق وسائل بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیا آئندہ منصوبہ جات کے لیے فنڈز کی ترسیل کا عمل بھی اسی طرح جاری رکھا جائے گا۔
٭٭٭٭٭