صوبائی دارحکومت میں بعض آٹا چکی مالکان نے  فی کلو آٹے کی قیمت میں تین سے چار روپے کا اضافہ کردیا

Aug 19, 2020 | 23:22

کامرس رپورٹر

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی دارحکومت میں بعض آٹا چکی مالکان نے  فی کلو آٹے کی قیمت میں تین سے چار روپے کا اضافہ کردیا. ان کا موقف ہے کہ منڈیوں میں گندم کی قیمت میں گندم کی فی من قیمت 2250 روپے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ  لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ  کا خدشہ ظاہر کیا اور کہا ہے کہ کہ اگر گندم کی قیمت میں کمی نہ آئی تو  چکی کے آٹے کی قیمت آنے والے دنوں میں  80 روپے فی کلوتک پہنچ جانے کو  کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا .اس ضمن میں لاہور آٹا چکی آونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن نےبتایا کہ ایسوسی ایشن نے قیمت بڑھانے کا باضابطہ فیصلہ نہیں کیا تاہم بعض چکی مالکان فی کلو آٹا 75 سے 76 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں .انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کا ریٹ بدستور72 روپے کلو ہے لیکن گندم کی اوپن مارکیٹ میں قیمت پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں جس کے نتیجہ میں  منڈیوں میں گندم 2000 سے 2250 روپے فی من تک  فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث چکی کے آٹے کی قیمت میں مسلسل  اضافہ ہو رہا ہے، اگر گندم کی قیمت میں کمی نہ آئی تو چکی کا آٹا 80 روپے فی کلو ہو جائے گا.عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت گندم کی قیمت میں کمی کے اقدامات کرے اور ایسی پالیسی بنائے کہ جس سے گندم کی قیمت میں استحکام آ سکے کیونکہ گندم امپورٹ کر کے بھی  منڈیوں میں گندم کی قیمت کم نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ گیارہ  ہفتوں کے دوران  آٹا چکی مالکان نےآٹے کی قیمت میں 12 سے 16 روپے فی کلو کا اضافہ کیا ہے اور اب گندم کی قیمت میں اضافہ کو جواز بناکر مزید آٹھ روپے اضافہ کی تجویز زیر غور ہے۔

مزیدخبریں