کابل (نوائے وقت رپورٹ) طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد تمام امریکی سفارتی اہلکاروں کو دارالحکومت کابل سے نکال لیا گیا ہے۔ کابل ائیر پورٹ سے مسافر لے جانے والی بین الاقوامی پروازوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکا، جرمنی اور فرانس سمیت دیگر ملکوں کے طیاروں میں بڑی تعداد میں شہریوں کا کابل سے انخلا جاری ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کابل میں موجود تمام امریکی سفارتی اہلکاروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر سفارتی عملہ شہریوں کے انخلا میں معاونت کر رہا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ طالبان نے شہریوں کو بحفاظت ائیر پورٹ آنے کی اجازت دی، امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر پورا اتریں گے۔ وائٹ ہاؤس ترجمان نے کہا کہ بعض مسافروں کو ہراساں کیا گیا، یہ معاملہ طالبان کے ساتھ اٹھا دیا ہے۔ ادھر پینٹا گون میں میجر جنرل ٹیلر ہینک نے کہا کہ طالبان نے کابل سے امریکی انخلا کی کوششوں میں مداخلت نہیں کی۔ طالبان رہنماؤں اور سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ طالبان کے ساتھ دشمنی والے انداز میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
تمام امریکی سفارتی اہلکار کابل سے نکل گئے، دوحہ میں طالبان سربراہ سے امریکی سنٹرل کمانڈ کی ملاقاتq
Aug 19, 2021