لاہور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 978ویں سالانہ غسل مبارک کی افتتاحی تقریب دربار حضرت داتا گنج بخش میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، صوبائی وزراء ،اعلیٰ حکام اور دیگر شخصیات نے حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، پیر سید سعید الحسن شاہ، میاں اسلم اقبال، اجمل چیمہ، سردار آصف نکئی،پارلیمانی سیکرٹری اوقاف تیمور لالی،رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری اوقاف، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور عقیدت مندوں نے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعاکی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش سمیت بزرگان دین نے برصغیر میں امن و آشتی کا درس دیا۔
حضرت علی بن عثمان الہجویری ؒکے مزار کو غسل کی تقریب، وزیراعلیٰ، وزراء کی شرکت
Aug 19, 2021