امام حسین ؓ کی شہادت عظیم درس ، ہمیشہ حق وسچ کا ساتھ دینا چاہئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور پر کہا ہے کہ یوم عاشور نہایت عظمت  اور احترام کا حامل دن ہے۔ ایوان صدر  کے پریس ونگ کی جانب سے جاری یوم عاشور کے موقع پر جاری بیان میں صدر  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شہادت امام حسین امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے اور حضرت امام عالی مقام کی شہادت رہتی دنیا تک کے لیے عزم و استقلال کی علامت بن کر مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے۔ ہمیں ان کی شہادت کی یاد مناتے ہوئے اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے اور باہمی نفرتوں، کدورتوں اور گروہ بندیوں سے پرہیز کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا ہے کہ  امام عالی مقام کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ امت صدیاں گزرنے کے باوجود ان کی شہادت پر آج بھی افسردہ اور غم ناک ہے۔ نواسہ رسولؐ  اور جگر گوشہ بتول سیدنا حضرت امام حسین ؓ  نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اورجبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید کی حکومت کو تسلیم کیا۔ امام عالی مقام نے اپنے اسوہ سے یہ ثابت کر دیا کہ حق و باطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہئے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ اسوہ شبیری باطل سے ٹکراؤ کا ایک استعارہ بن چکا ہے اور جرات و بہادری کا وہ مینارہ نور ہے جہاں سے ہمیشہ کے لئے ظلم و تشدد اور بربریت  کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔ حق و باطل کا معرکہ  ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ لہذا ہمیں  چاہئے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں جھوٹ اور مکرو فریب کی ہر چال کو ناکام بناتے ہوئے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کریں۔  انہوں نے کہا  کہ کرونا سے متعلق ایس او پیز  پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ملک پاکستان اور قوم وباء کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ و مامون ہو جائے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...