کنگسٹن(این این آئی)ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ(ڈبلیوآئی سی بی) کے زیر اہتمام کیریبین پریمیر لیگ کا نواں ایڈیشن 26 اگست سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کے مختلف ممالک کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔کیریبین پریمئر لیگ (سی پی ایل) میں پاکستان کے 9 کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے ۔پاکستان کے حیدر علی جمیکا تلاواز، وہاب ریاض اور عثمان قادر سینٹ لوشیا کنگز اور یاسر شاہ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے۔جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے سکواڈ میں شامل ہیں جبکہ نوجوان اعظم خان اور فاسٹ بولر محمد عامر بارباڈوس رائلز سے کھیلیں گے۔قومی ٹیم کے تجربہ کار آل رانڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ گیانا ایمازون وارئیرز کی جانب سے سی پی ایل کھیلیں گے۔ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے گزشتہ سال فائنل میں گھانا امازون واریئرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر لیگ کا چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھاجو اپنے ٹائٹل کا دفاع کریگی، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جن میں بارباڈوس رائلز،گیانا امازون وارئیرز،جمیکا تلاواز،سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس ،سینٹ لوسیا کنگز اور ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرزشامل ہیں۔ لیگ میں فائنل سمیت 33 میچز کھیلے جائیں گے ،کیریبین پریمیر لیگ کا آغاز 2013میں ہوا تھا۔ کیریبین پریمیر لیگ کی تاریخ میں اب تک آٹھ ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں جن میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم سب سے زیادہ چار مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے اور جمیکا کی ٹیم دو مرتبہ جیت چکی ہے ،بارباڈوس کی ٹیم بھی دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ سی پی ایل کے فائنل سمیت تمام میچز سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں کھیلے جائیں گے،ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پہلے دو فرنچائز ٹیموں کا نام تبدیل کر دیئے ہیں اور بارباڈوس ٹرائڈنٹس کا نام تبدیل کر کے بارباڈوس رائلز کر دیا گیا ہے جبکہ سینٹ لوسیا ذوکس کا نام تبدیل کر کے سینٹ لوشیا کنگز کر دیا گیا ۔