کوئٹہ (اے پی پی) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانانے بدھ کے روز پاک فوج کے افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں کوئٹہ اور مچھ میں اٹھائے گئے سیکورٹی اقدامات کا فضائی جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے مقامی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج،فرنٹیئرکور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے پاک فوج کا صوبائی حکومت کو سیکورٹی بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرنے کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جارئے ہیں،انہوں نے پولیس،مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ یوم عاشور کے ماتمی جلسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات کی مکمل سکریننگ کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ کنٹرول رومز سے جلوسوں کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے علاوہ داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی مزید بڑھایا جائے۔ اور شہر کے تمام حساس علاقوں میں پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے، حکومت بلوچستان نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع بلخصوص جہاں محرم الحرام کے سلسلے میں ماتمی جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا وہاں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں،حکومت بلوچستان نے دس ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار جن میں پولیس ، اے ٹی ایف ، بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی اورلیویز اہلکار شامل ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد لی جائے گی۔ دس محرم الحرام کو کوئٹہ شہر اور مچھ میں ماتمی جلوسوں کی فضائی نگرانی کرنے کے علاوہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردیا گیا ہے۔