پاکستان بھارت کے ساتھ برابری، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات کا خواہاں ہے،شہباز شریف

Aug 19, 2022 | 00:02

ویب ڈیسک

جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،عالمی برادری کو سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،آسٹریلوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پاکستان بھارت کے ساتھ برابری، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات کا خواہاں ہے،تاہم  جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے،عالمی برادری کو سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے نئے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے  جمعرات کے روز اسلام آباد میں  ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ برسوں کے دوران آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان  دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مستحکم پیش رفت کو سراہا اور تجارت،سرمایہ کاری، زراعت،لائیو سٹاک، تعلیمی اور تکنیکی تعاون سمیت دیگر  مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کی مضبوط خواہش اور عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلا میں پاکستان کے سہولت کار کردار پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے  گزشتہ سال اگست سے  افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے عالمی برادری کے ساتھ جاری تعاون پر روشنی ڈالی۔  وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ برابری، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس تناظر میں جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس سلسلے میں سہولت کار کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔  آسٹریلوی ہائی کمشنر نے  آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور متنوع بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں