معیشت کی بحالی پہلا ایجنڈا ہونا چا ہئیے، غربت، مہنگائی کے خاتمے سے مسا ئل حل ہو ں گے : شجاعت 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمیں سیاست کا نہیں معیشت کا سوچنا چاہیے، مہنگائی اور غربت ختم ہوگی تو ملک ترقی کرے گا، شہباز شریف ملک کو درست سمت میں لے کر آگے لے کر چل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد اراکین سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اس وقت ملک میں معیشت کی بحالی سب کا پہلا ایجنڈا ہونا چاہیے، غربت اور مہنگائی کے خاتمے سے ہی عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف معیشت کو درست سمت میں لے کر آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں پکڑ دھکڑ کی بجائے معیشت کی بحالی میں دلچسپی ہے، معیشت بحال ہو گی تو ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا۔ مسلم لیگ کے سینئر راہنما چوہدری شافع حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشکل حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کی ہمیشہ قدر کریں گے، چوہدری شجاعت حسین کو اللہ تعالی نے بے پناہ عزت سے نوازا ہے، انہوں نے ہمیشہ قوم کا سوچا۔ پچھلی حکومت میں بیرونی سرمایہ کاری اور CPEC کو جان بوجھ کر یا کسی سازش کے تحت تاخیر کا شکار کیا گیا، اس حکومت نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا اور جلد قوم کو حقیقی تبدیلی دکھائی دے گی۔ قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مسلم لیگ کے سنیئر رہنما طارق حسن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی امور پر طویل مشاورت کی گئی اور چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کی متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجلاس میں لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء  کے لیے دعائے مغفرت کی گئی، جبکہ متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی اور حکومتی سطح پر انکی بھرپور امداد کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق حسن نے کہا کہ پوری پارٹی چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں متحد ہے۔ رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سیاست میں وضع داری اور مفاہمت کی علامت ہیں۔ ہمیں انکی قیادت پر فخر ہے۔ مسلم لیگ کے مرکزی رہنما غلام مصطفیٰ ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سے کراچی تک پارٹی چوہدری شجاعت حسین کی پشت پر کھڑی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...