اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا، ملک اور عوام فارن ایجنٹ عمران خان اور ان کی فارن فنڈنگ کے اثرات سے آزاد ہو گئے ہیں، اب عمران خان کے اندر جانے کا وقت ہے، اگر ایف آئی اے شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز کو صرف الزامات پر گرفتار کر سکتی تھی تو آج عمران خان کو بھی گرفتار کرنا چاہئے، عمران خان کسی کے سہارے پر چار سال حکومت کرتے رہے، لوٹ مار کے ایجنڈے پر تھے، اقتدار چلا گیا تو عمران خان نے کہا کہ ملک میں آگ لگا دو، وہ ملک میں انتشار، فتنہ فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مگر جب میڈیا کی آزادی کا قتل کیا جا رہا تھا تو اس وقت عمران خان وزیراعظم تھے۔ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں صحافیوں پر تشدد کیا، ان کے قلم توڑے، میڈیا واچ کے عالمی اداروں نے عمران خان کو میڈیا اور آزادی صحافت کے لئے پریڈیٹر قرار دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت نیب کی کسٹڈی میں خراب ہوئی، جو شکلیں آج پمز میں لیٹی ہوئی ہیں یہ ان کا تمسخر اڑایا کرتے تھے، نواز شریف کو ان کی بیٹی کے ہمراہ گرفتار کیا گیا، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی پشاور، ہیلی کاپٹر، فارن فنڈنگ سمیت اپنے خلاف تمام انکوائریاں بند کروائیں۔ پنجاب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، جتنے بھی الزامات عائد کئے وہ ایک بھی ثابت نہیں کر سکے۔ 351 کمپنیوں سے فارن فنڈنگ لی، انتشار پھیلاتے رہے۔ اب کہتے ہیں کہ وہ قانون کے آگے پیش نہیں ہوں گے۔ ان سے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کا حساب کیوں نہیں لینا چاہئے؟۔ انہوں نے کہا کہ قانون حرکت میں آ چکا ہے، فارن فنڈنگ کا ایک بہت بڑا اکائونٹ ان کا پکڑا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے ۔ بہتری اسی میں ہے کہ وہ ریکارڈ دے دیں ورنہ ریکارڈ لینا آتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد پاکستان آ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا دشمن کس منہ سے میڈیا سیمینار کروا رہا ہے، اسے شرم آنی چاہئے۔ چار سال میڈیا کا قتل کرنے والا میڈیا سیمینار کرنے کا تماشا نہ کرے۔