عمران ، حواری سیکورٹی رسک ، انتشار کا  نیانیہ کامیاب  نہیں ہو گا : بلاول

Aug 19, 2022


لاہور (نامہ نگار) وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے حواری ملک کے لیے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ ممنوعہ فارن فنڈنگ اور توشہ خانے کا پوچھنے پر یہ گالم گلوچ کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل کی ملاقات کے دوران ان سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں مزید انتشار اور فتنہ پھیلانے کا بیانیہ کامیاب نہیں ہو گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے لبرٹی چوک میں کامیاب جلسے پر بھی اسلم گل کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے  ملاقات کی ۔ ڈیجیٹل گورننس اقدامات پر بریفنگ دی، طارق ملک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نادرا کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف ڈیجیٹل آن لائن سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے  نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے گڈ گورننس  میں شفافیت آئے گی۔ چئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا کا تیار کردہ جدید آن لائن نظام کے ذریعے  سمندر پار پاکستانیز اب پاور آف اٹارنی آن لائن گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ پاکستان میں موجود سفارتی مشنز کو سمارٹ کارڈ ٹیکنالوجی  کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ارتک بائیو ایبک مختاروچ نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  پاکستان اور کرغزستان تاریخ اور ثقافت کے انمول رشتے میں بندھے ہیں۔  پاکستان کا سمندری راستہ وسطی ایشیائی ریاستوں کی تجارت میں فروغ کے لئے مزید معاون ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان اور کرغزستان کی تجارت میں مزید فروغ کے لئے کاروباری وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرغزستان میں ہزاروں پاکستانی طلباء  زیرتعلیم ہیں، عوامی سطح پر رابطوں کو سیاحتی و ثقافتی تناظر میں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دماح الیحیٰی کے درمیان ویڈیو لنک رابطہ ہوا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن پاکستان میں نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل تعلیم کے شعبے میں معاونت کرے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان بدلتی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہے۔ وزیرخارجہ 22 اگست کو یورپ کے 4 ممالک کے دورے پر جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ ڈنمارک‘ ناروے‘ سویڈن اور جرمنی کا دورہ کریں گے۔ وہ یورپی ممالک کے وزائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

مزیدخبریں