سرینگر‘ جموں(کے پی آئی‘ آئی این پی) جموں جیل میں قید پاکستانی قیدی محمد علی حسین کو ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے محمد علی حسین کو جیل سے نکال کرجموں کے ارینا سیکٹر میں لے جا کر گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ اسے گزشتہ روز جموں میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ جموں میڈیکل کالج ہسپتال میںقیدی محمد علی حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔بھارتی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی عسکریت پسند قیدی جموں کے ارنیا کے علاقے ٹوف میں فائرنگ کے ایک واقعے میں مارا گیا۔ دوسری جانب نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر سکولوں میں بھارتی پرچم نہ لہرانے پر سات مسلمان اساتذہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جموں کے ضلع کشتواڑ کے علاقے اندروال میں مڈل سکول بٹواری اور پرائمری سکول ڈوگا بٹواری کے سات اساتذہ کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں چند ماہ میں 25 لاکھ نئے ہندو ووٹرز کے اندراج کا بھارتی منصوبہ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا بھارتی گھنائونا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ بھارتی حکومت غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں 25 لاکھ نئے ہندو ووٹرز کا اندراج کرے گی۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیر کے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔
قابض فوج کی بربریت جاری ، پاکستانی قیدی ماورائے عدالت قتل
Aug 19, 2022