لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے میزبان نیدرلینڈز کو دوسرا میچ 7وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہتر ثابت نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 186 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ آغاز ہی مایوس کن رہا، نیدرلینڈز کے 3 کھلاڑی صرف 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر وکرم جیت سنگھ ایک ‘ میکس اودائود ایک‘ ویسلے باریسی تین رنز بنا کر چلتے بنے۔ ٹام کوپر نے باس ڈی لیڈا کے ساتھ سکور 117 تک پہنچایا، پھر نواز نے اپنا جادو دکھایا، پہلے کوپر کو 66 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا، ان کے بعد کپتان سکاٹ ایڈورڈز پانچ رنز بناکر نواز کا شکار بنے۔ تیجا صفر‘ لوگان تیرہ‘ ٹیم پرنگل صفر‘ اریان دت ایک رن پر آئوٹ ہوئے۔ نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ باس ڈی لیڈا 89 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حارث رئوف‘محمد نواز نے تین تین‘ نسیم شاہ نے دو‘ محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ہدف 33.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ فخر زمان تین‘ امام الحق چھ‘ کپتان بابر اعظم 57رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان 69 اور سلمان علی آغا 50رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ویویان کنگما نے دو جبکہ اریان دت نے ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔ خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔