شہبازگل سیاسی کارکن سے زیادہ عمران خان کے ذاتی ملازم ہیں: حسن مرتضیٰ 

Aug 19, 2022


لاہور(نامہ نگار) جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ شہبازگل بھول چکے تھے کہ جو بویا تھا وہ کاٹنا بھی ہے۔سیاسی مخالفین پر جملے کسنے والے آج خود مریض بن کر ریلیف مانگ رہے ہیں۔ ایک بیان میں سےد حسن مرتضیٰ نے کہا کہ شہبازگل سیاسی کارکن سے زیادہ عمران خان کے ذاتی ملازم ہیں ۔اس کو ریمانڈ کی اذیت سے بچانے کے لیے عمران خان موبائل فون تفشیشی افسران کے حوالے کر دیں۔ فریال تالپور کی گرفتاری کو قانون کے مطابق بتانے والاآج اپنی گرفتاری کو غیر قانونی کہہ رہا ہے۔ قانون کوئی مذاق ہے کہ اسلام آباد کا قیدی پنجاب حکومت کی تحویل میں رہتا۔انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری درہم برہم ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔مناسب قیمت نہ ملنے اور مہنگی کھاد کی وجہ سے مطلوبہ پیداواری ہدف حاصل ہونا ممکن نہیں۔ 

گزشتہ چار برسوں کی غلط پالیسیوں کی سزا عام آدمی بھگت رہاہے۔گندم کی کاشت میں کمی، پانی کی قلت اور کھاد بحران سے پاکستان کا کسان تنگ ہے۔ گندم کی سپورٹ پرائس کے اعلان میں تاخیرسے کاشت میں 2فیصد کمی اور ذخیرہ اندوزوں کو فائدہ پہنچا۔تبدیلی سرکار کی مجرمانہ غفلت اوربد انتظامی سے کھاد بحران پیدا ہوا۔ فصلوں کی مناسب اور منصفانہ قیمت نہ ملنا کسانوں کا معاشی استحصال ہے۔گندم کی سمگلنگ اور چوری روکنے کے لئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا۔وفاقی حکومت فوری طور پر اجناس دوست پالیسی کا اعلان کرے۔ ملک کو گندم بحران سے نجات دلانے میں پیپلزپارٹی اپنا کردار ادا کرےگی۔

مزیدخبریں