راولپنڈی(محبوب صابر سے ) راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع اٹک جہلم چکوال اور راولپنڈی میں جانوروں میں پھیلنے والی جلد (سکن)کی موذی بیماری ”لمپی سکن “ نے شہریوں کو مشکلات میں پھنسا دیا، محکمہ لائیو سٹاک کے ٹھوس اقدامات کے باعث متاثرہ جانوروں کو فوری طور پر ویکسینیٹ کیا جانے لگا ہے جن جن مقامات سے بیماری کی اطلاع ملی یا اسکے پھیلنے کا خدشہ محسوس کیا گیا تو وہاں پر ہنگامی بنیادوں پر جانوروں کو چیک کرکے اقدامات کئے گئے ، وٹرنری آفیسر اورفوکل پرسن ڈاکٹر مادیہ طارق نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر180350 جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں،ضلع راولپنڈی میں اس وقت بیماری کا زور ٹوٹتا جا رہا ہے نئے کیس بہت کم تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں، وٹرنری ہسپتال ڈھوک گجراں کی وٹرنری آفیسر ڈاکٹر نمرہ سبین اور ان کی ٹیم اسسٹنٹ بہزاد افضل، اسسٹنٹ تہذیب ارشد، اسسٹنٹ مرزا شہزاد ، اسسٹنٹ شکیل حیدر، اسسٹنٹ محسن علی نے یونین کونسل رنیال ، دھمیال، دھاماں سیداں، گرجا اور چک جلال دین میں قائم باڑوں میں 400سے زائد جانوروں کو چیک کرکے ویکسین کیا انجکشن لگائے اور ان علاقوں میں آگہی مہم بھی چلائی جس میں بتایا گیا کہ بیمار جانوروں کو تندرست جانوروں سے علیحدہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مکھی اور مچھر مار ادویات کا استعمال کرنے سے بیماری سے کافی حد تک اپنے جانوروں کو محفوظ کیا جا سکتا ہے لمپی سکن بیماری وائرس گھریلو جانوروں بالخصوص گائیوں میں زیادہ حملہ آور ہو تی ہے جو جانوروں کی جلد (سکن) پر اثر انداز ہو تی ہے ، یہ وائرس مچھر ، مکھیوںاور چیچڑ کے کاٹنے سے، کوئی بیمار جانور کو چھو کر تندرست جانور میں جانے سے، بیمارت جانور کو تندرست جانوروں کے ساتھ باندھنے سے پھیلتا ہے ،نئے خریدے گئے جانور کو 6سے9دن تک قرنطینہ کرائے، باڑے میں پانی جمع نہ ہونے دیں، ماحول کو صاف رکھیں ،اگر جانوربیمار ہو جائے تو فی الفور محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ سے رابطہ کریں ، اس کے جسم کو ڈیٹول سے صاف کریں اور اس جگہ پر مچھر، مکھی اور چیچڑ مار دوائی کا استعمال کریں،بخار کو کنٹرول کرنے کیلئے بار بار جانور کے سر پر پانی ڈالیں۔