اسلام آباد(انٹرویو:رانا فرحان اسلم)اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال (اے این ٹی ایچ)بارہ کہوکے منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی نے کہا ہے کہ صحت سہولت پروگرام پاکستان کے شعبہ صحت کیلئے انقلابی اقدام ہے ،اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے، کوالیفائیڈ نرسنگ سٹاف کی عدم دستیابی بھی نظام صحت کیلئے بڑا چیلنج ہے، بد قسمتی سے پاکستان میں گذشتہ پانچ سالوں میں چھ پالیسیاں آ چکی ہیں، پاکستان میں آج تک ہسپتال کی تعریف ہی نہیں ہو سکی ہے، ملک میں معیاری علاج معالجے کی سہولیات کیلئے معیاری پالیسیوں کی تشکیل اور انکا نفازازحد ضروری ہے ”روزنامہ نوائے وقت“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یاسر خان نیازی نے کہا ہے پاکستان میں صحت کے شعبے میں پبلک اور پرائیویٹ دونوں سیکٹرز اپنا اپنا کام کر رہے ہیں، پاکستان میں حکومتی سطح پر ہیلتھ انشورنس کی طرف جانا ہوگا ، پاکستان میڈیکل کونسل کیجانب سے این ایل ای کا نفاذعجلت میں ہوا جس کی وجہ سے کسی کوبھی سمجھ نہ آسکا، یاسر خان نیازی نے کہا ہے کہ اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال میںدو سو روپے کی پرچی پر او پی ڈی میں آنیوالے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہیں ہمارا ہسپتال صحت کی دیکھ بھال کے ایک جدید ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے ، ہسپتال میں 100سے زیادہ مستند ڈاکٹرز اور 45کنسلٹنٹس خدمات سرانجام دے رہے ہیں، حکومت کے پروٹوکول کے مطابق صحت سہولت کارڈ کے حامل مریضوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے ۔