پاک ایران تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں:طارق بشیر چیمہ


اسلام آباد (نا مہ نگار)وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ نے ایرانی نائب وزیر زراعت عباس عسکر زادہ کی قیادت میں ایرانی وفد کا اپنے دفتر میں استقبال کیا۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پاک ایران تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جس کی بنیاد باہمی طور پر فائدہ مند زرعی تعلقات ہیں تاکہ دونوں ممالک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بارٹر ٹریڈ جلد شروع ہو جائے گی۔ بارٹر ٹریڈ کے تحت پاکستان ایرانی سیب کے بدلے نارنجی برآمد کرے گا۔ ایرانی نائب وزیر زراعت نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا مستقبل بہت روشن ہے۔بارٹر معاہدے کے تحت آنے والے دنوں میں دونوں ممالک ان مصنوعات کی فہرست کا اشتراک کریں گے جن کی وہ مذکورہ معاہدے کے تحت تجارت کریں گے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک زراعت کے شعبے کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں گے۔ایرانی نائب وزیر برائے زراعت نے وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق میں ان کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں اور پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی زرعی ضروریات کو پورا کرے گا اور ایران میں پاکستانی زرعی مصنوعات متعارف کرائے گا۔ایرانی نائب وزیر زراعت نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی ہیں جو اسلام کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دونوں ممالک میں زرعی مصنوعات کی مقامی ضرورت کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن