دارالعلوم حنفیہ جلالیہ علی المرتضی چیلیانوالہ …اہداف ومقاصد
مولانا حافظ محمد سفیان جلالی
دارالعلوم حنفیہ جلالیہ علی المرتضی چیلیانوالہ جس کا سنگ بنیاد رہبر شریعت پیر سید محمد مظہر قیوم شاہ مشہدی نے اپنے دست اقدس سے 2005ء میں منڈی بہاؤ الدین میں رکھا ،آج اس سرزمین پر تعلیم تدریس کے سرچشمہء فیض کافریضہ انجام دے رہا ہے ۔افتتاحی تقریب کے دوران چونکہ اس وقت دارالعلوم کی کوئی عمارت موجود نہیں تھی ،اس لیے زمین پر موجود گھاس پر آپ تشریف فرما تھے ۔آپ کے چہرہ اقدس سے مسکراہٹ بکھر رہی تھی ،جس وقت آپ نے یہ ارشاد فرمایا کہ’’ اللہ پاک مدد فرماوے دا ‘‘ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ یہ جگہ اہلسنت کا مرکز ہوگی اور بڑا درس ہوگا‘‘ ۔آج سب لوگ یہ مشاہدہ کر رہے ہیں اور ایک ولی کامل کی زبان اقدس سے نکلے ہوئے الفاظ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔
اس وقت دارالعلوم حنفیہ جلالیہ علی المرتضی میں شعبہ حفظ کے طلباء کو قرآن پاک کے حفظ کے ساتھ ساتھ درجہ متوسطہ نصاب تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان بمعہ عصری تعلیم کلاس ششم تا ہشتم بمطابق نصاب پنجاب ایجوکیشن کمیشن مکمل کروایا جاتا ہے ۔ تجوید وقرأت 2سالہ کورس بمطابق نصاب تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان جاری ہیں ۔اس میں داخلہ کے اہل حافظ قرآن طلباء ہیں۔ تجوید وقرأت8سالہ درس نظامی عامہ ،خاصہ ،عالیہ ،عالمیہ میں داخلہ کیلئے مڈل یا درجہ متوسطہ پاس طلبہ اہل شمار کئے جاتے ہیں ۔حفظ کے ساتھ ساتھ مڈل تک ،درس نظامی عالم کورس کے ساتھ نہم یا ایم اے اور کمپیوٹر شارٹ کورسز کی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔ طالبات کو درس نظامی کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم میٹرک ،ایف اے ،بی اے اور ایم اے کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اعلیٰ مدارج میں دارالعلوم میں 2سالہ کورس بمطابق نصاب تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان بھی جاری ہے۔اس شعبہ میں عالمیہ درجہ ممتاز پاس یا ایم اے اسلامیات یا عربی پاس طلباء اہل ہیں ۔دارالعلوم علاقہ بھر کے لوگوں کے شرعی مسائل حل کرنے میں مصروف عمل ہے جس کی
سرپرستی شیخ الحدیث حضرت مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی فرما رہے ہیں ۔دارالعلوم کا شعبہ فنی تعلیم ماہ رمضان المبارک میں مقامی طلبہ کیلئے مختلف کمپیوٹر کورسز منعقدکرواتا ہے۔ اس دوران ہل سنت وجماعت کے عقائد سے طلبہ کو روشناس کروایا جاتا ہے ۔دارالعلوم میں امامت کا شعبہ بھی موجود ہے جو طلبہ مصروفیات کی بناء پر درس نظامی کی کلاس نہیں لے سکتے ،ان کیلئے یہ سہولت موجود ہے ۔اس کورس کا دورانیہ عرصہ دو سال ہے دارالعلوم میں عصری ودینی علوم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق سازی اور تربیت کا اہتمام بھی موجود ہے۔ نبی آخر الزمان ؐ کی محبت واطاعت کی ایسی تعلیم جو امت مسلمہ میں حقیقی وحدت کی بنیاد فراہم کرے ، ملک وملت کی مخلصانہ خدمت کے لئے نئی نسل میں اس کی آبیاری کی جاتی ہے ۔
نونہالان وطن کی ایسی تعلیم جن کی بدولت وہ قرآن وحدیث ،فقہ اور دیگر علوم شرعیہ کے تحقیقی مطالعہ اور تقابل ادیان کی بنیاد پردور حاضر کے مسائل اور تقاضوں کاحل پیش کر سکیں ، اس سے انہیں واقفیت دلائی جاتی ہے۔طلباء وطالبات کو تنگ نظری ،تعصب اور انتہاء پسندی کی محدود سوچ سے بالاتر کرکے انہیں اس قابل بنانیا جاتا ہیکہ وہ امت مسلمہ کے عالم گیر اتحاد کیلئے اہم کردار ادا کر سکیں ۔طلباء وطالبات کی ایسی اخلاقی روحانی تربیت کی جاتی ہے جس کے ذریعے وہ تعمیر شخصیت ،تقوی ،تحمل وبرداشت اور وسعت نظری جیسی اعلی انسانی خصوصیات کے حامل ہو سکیں مستقبل میں ایسے معلمین ومعلمات تیار کرناجو روایتی ملکی تعصب سے بالاتر ہو کر صوفیائے کرام کے منہج پر چلتے ہوئے دین کی آبیاری کا کام کر سکیں ، اس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔انٹرنیٹ کے ذریعے عالمی سطح پر اسلامی علوم کے بارے میں رہنمائی فراہم کر نے کے علاوہ اس علمی مرکز کے فیض کی روشنی وطن عزیز کے کونے کونے میںپھیل رہی ہے ۔ حضرت ثانی صاحب ؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وارث علوم ومعارف حافظ الحدیث الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی دامت برکاتہم اس دارالعلوم سے اپنے آباؤ واجداد کے علمی وروحانی فیضان کو آگے تقسیم کر رہے ہیں ۔
ملک میں علمی و روحانی فیض کی روشنی کا ذریعہ
دارالعلوم حنفیہ جلالیہ
Aug 19, 2022