لاہور(سپوٹس رپورٹر)فیفا ”کنیکٹ آئی ڈی“ پروگرام کا آغاز ہوگیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار رجسٹریشن ونڈو کھول دی گئی، اس حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ پاکستان فٹبال کنیکٹ“ کا نام سے متعارف کرائے جانے والے پروگرام کیلئے ایک الگ دفتر کراچی میں قائم کرتے ہوئے خصوصی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے، فٹبال برادری کی سہولت کیلئے ویب سائیٹ کا اردو ورژن بھی دستیاب ہے، ایک مختص فون نمبر پر رہنمائی اور معلومات حاصل کرنے کیلئے سٹاف سے نہ صرف کہ اردو اورانگلش بلکہ علاقائی زبانوں میں بھی بات کی جاسکے گی۔ کلبز، اکیڈمیز، ایسوسی ایشنز، یونیورسٹیز اور سکولز کی رجسٹریشن کرکے پاکستان فٹبال کا ایک مربوط سٹرکچر سامنے لارہے ہیں، پی ایف ایف فٹسال، بیچ، محدود تعداد کے فارمیٹس اور ای فٹبال کو بھی اپنے دھارے میں شامل کررہی ہے۔رکن نارملائزیشن کمیٹی اور ”پاکستان فٹبال کنیکٹ“ پروگرام کے سعود ہاشمی نے کہا کہ پاکستان فٹبال سے وابستہ تمام افراد کا ایک مستند ریکارڈ مرتب کررہے ہیں، ان میں پروفیشنل، ایمچیور،جونیئر کھلاڑی،ریفریز، کوچز، کلب اور ٹیم آفیشلز سب شامل ہیں، شفاف سسٹم میں حقیقی سٹیک ہولڈرز کا تعین ہوگاجبکہ بوگس کلبز، جعلی کھلاڑی اور آفیشلز باہر ہوجائیں گے،پی ایف ایف کے آئندہ انتخابات کیلئے سٹرکچر بھی اسی سسٹم سے ملے گا۔پاکستان فٹبال کنیکٹ“ سے فٹبالرز، آفیشلز اور کلبز کی ایک انٹرنیشنل پروفائل بنے گی،پورا سسٹم پروفیشنل بنیادوں پر استوار ہونے سے سپانسرز کی توجہ حاصل کرنے میں بھی آسانی ہوگی، کراچی میں قائم دفتر سے سٹیک ہولڈرز کی رہنمائی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے تاکہ رجسٹریشن کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جاسکے۔
فیفا ”کنیکٹ آئی ڈی“ پروگرام ‘پاکستان کی تاریخ میں پہلی باررجسٹریشن ونڈو کھل گئی
Aug 19, 2022