راہوالی کے چلڈرن ہسپتال اور سیوریج پائپ لائن منصوبے کھٹائی مےں پڑ گئے

Aug 19, 2022

گکھڑمنڈی(نامہ نگار)مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومتوں کی بار بار تبدیلی سے راہوالی میں دو اہم میگا پراجیکٹس چلڈرن ہسپتال اور سیوریج پائپ لائن بچھانے کے منصوبے عرصہ 5سال سے کھٹائی میں پڑے ہیں پائپ لائن بچھانے کے ادھورے منصوبہ سے محکمہ کے 16کروڑ روپے ضائع ہورہے ہیں، 2017اور 2018میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفےق احمد بٹ کی کاوش سے ڈی سی کالونی مین گیٹ سے لے کر راہوالی امرت پورہ جی ٹی روڈ کے ساتھ ڈی ایچ اے سے بڑے سیم نالہ تک علاقہ کے لاکھوں عوام کے لےے سیوریج کا میگا پراجیٹ شروع کراےا، 39کروڑ کی گرانٹ منظور ہونے کے بعد 13کروڑ روپے جاری ہونے سے جی ٹی روڈ کے ساتھ 6فٹ کے بڑے سیمنٹ اور کنکریٹ کے پائپ بچھانے شروع کردےے گئے جس کےلئے 3کروڑ روپے مزید جاری ہوئے لیکن تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی اس کام کو روک دیا گیا جس سے 16کروڑ روپے بھی ضائع ہورہے ہیں ، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے گرانٹ جاری اور سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اس کا افتتاح کرنے کے لےے دو بار اعلان کئے گئے تاہم 5سال بعد بھی دونوں عوامی منصوبے ادھورے پڑے ہوئے ہیں اور لاکھوں عوام خوار ہو رہے ہےں۔

مزیدخبریں