قرآن کریم کی حرمت ، ناموس رسالت کی حفاظت ایمان کا حصہ :راغب نعیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ قانون نافذ کرنے والے اور انتظامی ادارے حقائق قوم کے سامنے لائیں۔ قرآن کریم کی حرمت اور نبی کریم کی ناموس کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اقلیتوں کا تحفظ بھی ہماری تعلیمات میں شامل ہیں ،توہین قرآن کے مرتکب مجرم اور اشتعال دلانے والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مبینہ توہین قرآن اور توہین رسالت کے واقعہ پر انتظامیہ کی بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث مذہبی فسادات برپا ہوئے لہٰذا غفلت کے مرتکب افسران سے بازپرس ہونی چاہیے۔ جڑانوالہ کا واقعہ پوری قوم کیلئے تشویش کا باعث ہے، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملک کے ہر شہری کی جان ومال کا تحفظ ریا ست کی ذمہ داری ہے۔ احتجاج کی آ ڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور اقلیتو ں کے گھروں اور عباد گاہوں پرحملہ کرنا انتہائی افسو سناک عمل ہے۔ اسلام اور آئین پاکستان تمام اقلیتوں کی جان مال اور ان کی عبادت گاہوں کے احترام اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن