ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس نے یوکرائن پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت ماسکو کے بزنس حب پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرائن نے ماسکو کے وسطی علاقے میں ایک بلڈنگ کو نشانہ بنایا جس میں بلڈنگ پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ روسی حکام کے مطابق یوکرین نے ماسکو کے بزنس ڈسٹرکٹ کو نشانہ بنایا ہے تاہم ائیر ڈیفنس نے یوکرینی ڈرون کو تباہ کردیا جس کا ملبہ ایکسپو سینٹر پر گرا۔ میئر ماسکو سرگئی سوبیانن کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جانب سے دارالحکومت پر تسلسل سے ڈرون حملے کیے جارہے ہیں جس میں اس بار شہر کے اہم کاروباری حب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے ڈرون حملے کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں ماسکو کی فضا میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو پر ڈرون حملے کے بعد یوکرینی حکام نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جب کہ کیف کے حکام نے بھی ماسکو پر ڈرون حملوں کی باضابطہ کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ روسی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے کے قریب ڈرون حملے کیے جس کے فوری بعد روسی ائیر ڈیفنس متحرک ہوا تو یوکرین کے ڈرونز نے اپنا رخ تبدیل کرلیا۔ وزیر دفاع کے مطابق روسی ائیر ڈیفنس کے حرکت میں آنے کے بعد یوکرین کی جانب سے غیر رہائشی علاقوں میں ڈرونز داغے گئے تاہم اس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ گرنے سے آتشزدگی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور اس کے نتیجے میں کوئی بڑا نقصان بھی نہیں ہوا ہے۔ امریکا نے روسی جارحیت کے خلاف دفاع کے لیے یوکرین کو ایف 16 طیارے فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے یوکرین کو اپنے دفاع کیلئے جنگی طیارے ایف 16 کی منظوری دے دی ہے جو پائلٹس کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یوکرین کو ڈنمارک اور نیدر لینڈز سے دیئے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پائلٹ کی تربیت کے بعد امریکا یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی فراہمی کے تھرڈ پارٹی عمل کو تیز کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 11 ممالک کے اتحاد نے رواں ماہ ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹس کو ایف 16 طیارے اڑانے کی تربیت دینا ہے۔ ڈنمارک کے قائم مقام وزیر دفاع نے امید ظاہر کی ہے کہ پائلٹس کی تربیت 2024 میں مکمل ہوجائے گی جس کے بعد وہ روس سے لڑنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔