لاہور (خبرنگار) حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی کے لیے کمانڈنگ افسر کی جانب سے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ سرور روڈ کو لکھا گیا خط عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر عرفان اطہر کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق حسان نیازی 9 مئی کو جناح ہاﺅس حملہ کیس میں ملوث ہے اور پولیس کی حراست میں ہے، حسان نیازی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے، آرمی ایکٹ کے تحت ملٹری اتھارٹی کا استحقاق ہے کہ کورٹ مارشل میں حسان نیازی کا ٹرائل کیا جائے،حسان خان نیازی آرمی کے حوالے کیا جائے تاکہ مزید تفتیش اور ٹرائل کیا جاسکے۔لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی ایڈووکیٹ کی بازیابی کی دائر درخواست پر عدالتی حکم پر پولیس نے حسان نیازی سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔ عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں دائر بازیابی کی درخواست نمٹا دی لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کی جانب سے بیٹے کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی جمعہ کے روز سماعت پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور نہنگ نے پنجاب پولیس کی جانب سے ایک صفحے پر مشتمل تحریری رپورٹ جمع کرائی گئی ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حسان نیازی جناح ہاﺅس حملہ کیس میں نامزد ہیں،حسان نیازی جناح ہاﺅس حملہ کیس میں مرکزی ملزمان میں شامل ہیں،ملزم کو ٹرائل کیلئے ملٹری کے حوالے کردیاگیا،حسان نیازی کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہو گا