لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار قیصرہ الہیٰ نے اپنے شوہر پرویز الٰہی کی نظر بندی کو چیلنج کر رکھا ہے۔ گزشہ سماعت پر وکیل پنجاب حکومت کا موقف تھا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے پرویزالٰہی کی نظر بندی کا معاملہ مزید کارروائی کے لئے صوبائی کابینہ کو بھجوا رکھا ہے۔ قیصرہ الہی نے درخواست میں نگران حکومت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ دوران سماعت پرویزالہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے لاہور ہائیکورٹ میں دلائل دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز الہٰی کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ عدالت نے کارروائی 22اگست تک ملتوی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے چوہدری پرویزالہٰی کی نظربندی سے قبل ڈیڑھ دن حراست میں رکھنے پر بھی وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔