اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے وزارت داخلہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضی سمیت دیگر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ سلامی پیش کی گئی۔ سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔ نگران وزیر داخلہ نے وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات کی۔ ان کو وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر داخلہ کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنسوں کی منظوری پر پابندی عائد کر دی گئی۔ دریں اثناء نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ رات پی ٹی ایم کی قیادت سے کامیاب مذاکرات ہوئے جس میں پی ٹی ایم کی قیادت نے اسلام آباد میں جلسہ گاہ کی جگہ سپریم کورٹ سے تبدیل کر کے ترنول کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ لاہور، پشاور اور دیگر شہروں سے پی ٹی ایم کے گرفتار کارکنان کی فوری رہائی کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ میں PTM قیادت کا حکومت کے ساتھ تعاون پر شکر گزار ہوں۔
نگران وزیر داخلہ نے عہدہ سنبھالتے ہی اسلحہ لائسنسوں پر پابندی لگا دی
Aug 19, 2023