اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈاکٹر عمر سیف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سائنس و ٹیکنالوجی کے نگراں وفاقی وزیر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انھوں نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی کابینہ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ جمعہ کو وفاقی کابینہ کے تعارفی اجلاس میں شرکت کے بعد ڈاکٹر عمر سیف وزارت ائی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے دفتر پہنچے جہاں سیکریٹری ا?ئی ٹی نوید احمد شیخ اور دیگر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹرعمرسیف کا وزارت کے تمام افسران سے تعارف کرایا گیا، بعد ازاں انھیں وزارت ائی ٹی کے تکمیل شدہ، جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر نگراں حکومت کی ذمہ داریاں و اختیارات محدود اور بنیادی مقصد عام انتخابات کا شفاف و غیر جانبدارانہ انعقاد کروانا ہے تاہم اس عرصے کے دوران اہم حکومتی امور کی نگرانی بھی ضروری ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری ترجیحات میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنانا اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں کا استحکام ہے ہم اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ائی ٹی ایکسپورٹ اس وقت 2 ارب 62 کروڑ ڈالرز کے لگ بھگ ہیں میرا عزم ہے کہ اسے 10 سے 20 ارب ڈالرز تک لے جاسکوں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ائی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ملک کی معیشت کے استحکام اور ہنر مند افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اسی طرح خواہش ہے کہ ملک کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اداروں اور محکموں کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل تیز تر کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف ائی ٹی کی دنیا میں نہایت معروف و معتبر شخصیت کے حامل ہیں وہ کیمبرج یونیورسٹی سے23سال کی عمر میں کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنانا تر جیح ہے ، ڈاکٹر عمر سیف
Aug 19, 2023