لاہور(کامرس رپورٹر ) مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی گیس عامر طفیل نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل ملوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ موسم سرما کیلئے گیس کی فراہمی کے لئے ابھی سے تیاری شروع کر دی ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپٹما کے وفد سے ملاقات میں کیا ہے جس کی سربراہی چیئرمین اپٹما پنجاب حامد زمان نے کی وفد میں سینئر وائس چیئرمین کامران ارشد، سابق مرکزی چیئرمین عادل بشیر، سیکرٹری جنرل رضا باقر اور انرجی ایڈوائزر طاہر بشارت چیمہ شریک تھے۔مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی گیس عامر طفیل نے آل پاکستان ٹیکسٹائلز ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو گیس سپلائی سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں آپٹما کے وفد نے کم پریشر، سکیورٹی کی رقم کی کیلکولیشن، ریجنل دفاتر کو بلوں کی درستگی کے اختیارات، پرانے اور نئے کنکشنوں کی بنیاد پر ملوں سے ادائیگی اور پرانے بنچ مارک کو 12.5 ایم سی ایف فی گھنٹہ سے بڑھا کر ایک میگا واٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ایم ڈی سوئی گیس عامر طفیل نے نے ملکی برآمدات کے فروغ میں اپٹما کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ انڈسٹری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔