لیڈرشپ کے فقدان کے باوجود پاکستان دنیا میں سب سے اچھا ملک ہے:عبدالقیوم ملک

Aug 19, 2023

 لاہور(کامرس رپورٹر )صدر پاکستان ایکس سروس پرسنز سوسائٹی ، چیئرمین پاک چائنا ٹریڈ اور صدر پاکستان یوتھ کونسل لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان کو لیڈرشپ کے فقدان کا سامنا رہا ہے ، اس کے باوجود پاکستان دنیا کے نقشے پر سب سے اچھا ملک ہے۔ یہ اپنے وسائل اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاکر تیزی سے ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔ وہ لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ظفر محمود چودھری، سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار،سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، سابق سینئر نائب صدور خواجہ خاور رشید، امجد علی جاوانے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ آئسولیشن میں کام نہیں کیا جاسکتا۔ فیلڈ کے لوگوں کی رائے کا احترام لازم ہے۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں چیمبرز کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ چین کی ترقی کا راز ان کے اکنامک زونز ہیںجس کی وجہ سے وہ 70کروڑ آبادی کو غربت کی لکیر سے نکال لائے ہیں۔ چیمبرز کا مقصد حکومت اور عوام کے درمیان ایک پل کے کردار کا ہے۔ لاہور چیمبر سو سال پرانا ادارہ ہے اور اس کی ملکی معیشت میں بہت بڑی کنٹری بیوشن ہے۔ پاکستان بننے کے بعد قائد کا جلد انتقال ہوگیا جس کی وجہ سے ہم مسائل کا شکار ہوگئے۔ پاکستان کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ لیڈرشپ کا نہ ہونا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان دنیا کے نقشے پر سب سے اچھا ملک ہے۔ اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بیلنس آف پیمنٹ کا ہے۔ 

مزیدخبریں