اسلام آباد(نا مہ نگار)واپڈاکے مرحوم ملازم کے بھائی نے اپیل کی ہے کہ اس کے بھائی کے میڈیکل بلزکی ادائیگی کے حوالے سے صدر پاکستان کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کیا جائے ، میرے بھائی کی موت کی وجہ واپڈاکی عدم توجہی کی وجہ سے ہوئی ہے اور صدر مملکت کا فیصلہ آئے ہوئے کئی سال گزر گئے لیکن ادائیگی نہیں کی جا رہی ۔واپڈاکے مرحوم ملازم کے بھائی چوہدری سلطان احمد نے ’’نوائے وقت‘‘کو بتا یا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے 14جولائی کو آئیسکو کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن واپڈا کو خط لکھا گیا تھا جس میں یہ ہدایت کی گئی تھی کہ چوہدری سلطان احمد کی درخواست پر وفاقی محتسب اور صدر پاکستان کے 18جنوری 2016کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے اور سلطان احمد کے بھائی کے میڈیکل کی مد میں ادائیگی کی جائے اور اس مد میں تمام رقم آئیسکو کو دی جائے تاکہ یہ مرحوم ملازم فتح علی کو ادا کیے جائیں ،چوہدری سلطان احمد نے ’’نوائے وقت ‘‘کو بتا یا کہ میرے بھائی کی موت کی وجہ واپڈاکی عدم توجہی کی وجہ سے ہوئی ہے ،میرے بھائی کے میڈیکل کی ادائیگی کے لیے وفاقی محتسب اور صدر مملکت کی طرف سے ہمارے حق میں 2016میں فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد ہی نہیں ہو سکا ہے جس سے ہمارے حالات بہت خراب ہو چکے ہیں اب 14جو لائی آئیسکو نے خط لکھا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملدرآمد نظر نہیں آرہا ہے میرے صدر پاکسیان،نگران وزیراعظم اور چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ فیصلے پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کرتے ہوئے میڈیکل کی مد میں فوری طور پر ادائیگیاں کی جائیں۔