پرو چانسلر الخیر یونیوسٹی ڈاکٹر محمد بشیر گورایہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

Aug 19, 2023

 اسلام آباد (  میگزین رپورٹ) تحریک پاکستان کے بزرگ رہنما مرحوم چوہدری تاج دین آف ڈسکہ( سیالکوٹ ) کے صاحب زادے ،سربراہ الخیر یونیورسٹی امتیاز اقدس گورایہ اور ڈاکٹر نوید اقدس گورایہ کے والد ممتاز دانشور ، اقبال شناس ماہرتعلیم 83سالہ ڈاکٹر محمد بشیر گورایہ پرو چانسلر جامعہ الخیر جمعرات کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ انہیں اسی روز بعد نماز عشاء نشیمن اقبال جناح ایونیو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جنازے میں سماجی ، عوامی ، سیاسی ، تعلیمی ، تدریسی ، تجارتی اورفن و ثقافت کے حلقوں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی ۔ امتیاز اقدس گورایہ نے بتایا کہ انکے والد کی پوری زندگی فروغ علم ، تدریسی خدمات اور یوتھ سرپرستی میں گزری ۔ وہ لوگوں کے دکھ درد میں شرکت کو اپنا فرض عین سمجھتے۔ مہمان نوازی اور احباب نوازی ان کی سب سے بڑی خوبی تھی۔ دانش و لیاقت کے حلقوں نے انکی جدائی کو بڑا نقصان قرار دیا۔ ڈاکٹر محمد بشیر گورایہ محبان پاکستان میں شامل تھے وہ قائداعظمؒ اور علامہ ڈاکٹر اقبالؒ کے ایام جوش و عقیدت اور احتشام سے مناتے ۔ انہیں نونہالوں سے عشق تھا انکا خیال تھا کہ پاکستانی نوجوان ہم سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں گے ۔ 

مزیدخبریں