کرک (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصلی اور نقلی حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں پاکستان کے وسائل پر حق پاکستانی عوام کا ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کا خود خالق ہے، امریکا نے پوری دنیا میں خود جنگ چھیڑی ہوئی ہے۔ لکی مروت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وسائل پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، کسی کا باپ بھی ہمارے بچوں کے حقوق پر قبضہ نہیں کر سکے گا۔ ہم امن چاہتے ہیں، غریبوں کا احساس کیا جائے۔ عالمی قوتیں ہماری مذہبی شناخت ختم کرنا چاہتی ہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عالمی قوتیں معاشی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتی ہیں۔ عالمی قوت کے اشارے پر چین کی سرمایہ کاری ضائع کی جارہی ہے۔ آج چین اور سعودی عرب ہم پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ جانتا ہوں اس سرزمین پر پشتون کا کیا حق ہے۔ میرے حقوق پر کسی کو قبضے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ملک کے وسائل پر یہاں کے بچوں، آنے والی نسلوں کا حق ہے۔ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں۔