نواز شریف مریم سے برطانوی ہائی کمشزکی ملاقات ، سرمایہ کاری کی دعوت بجلی ، ریلیف کیلئے 5ڈسکوزکو خطوط 

لاہور‘ مری (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ + نمائندہ خصوصی + خبر نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے مری میں برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی۔ برٹش ہائی کمشنر اسلام آباد کی پولیٹیکل قونصلر زوی ویئر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کے طلبہ کے لئے برطانیہ کی اعلیٰ جامعات میں اعلی تعلیم کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے پائیدار اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی مہارتوں سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گورننس کا معیار بہتر بنانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کے مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئی سسٹم سے آگاہ کیا۔ ڈیجیٹل پنجاب کیلئے جاری اقدامات پر گفتگو کی گئی اور پنجاب میں سولر پینل پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے نواز شریف آئی سٹی میں برطانوی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے دور داخل ہو چکا ہے، عنقریب پنجاب لیڈ کرے گا۔ آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ لاہور میں محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی، ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیز ی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے تعلیم اور دیگر شعبوں کے اشترک کار کو سراہا۔ پنجاب اور اسلام آباد کے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے بجلی کمپنیوں کو باضابطہ خطوط بجھوا دئیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 5 بجلی کمپنیوں کو خطوط بھجوائے گئے ہیں۔ سیکرٹری توانائی پنجاب ڈاکٹر نعیم رؤف نے اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کی ڈسکوز کو خطوط بھجوائے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے لکھے گئے خط میں 14 روپے فی یونٹ کمی کے حکومتی پیکج کی رقم سے آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ آئیسکو، میپکو،گیپکو، فیسکو، لیسکو 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے شہریوں کے بجلی بلوں میں کمی کریں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں طے پایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اضلاع کا دودہ کریں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طویل عرصے سے زیر التوا پراجیکٹس کی تفصیل طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ کا جائزہ لیا۔ راولپنڈی میں سبزی منڈیاں اور سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ راولپنڈی میں اسسٹنٹ کمشنر کی تعداد بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹے بڑے شہروں میں پبلک ٹوائلٹس کی روازنہ صفائی کی ہدایت کی۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عوامی مساجد میں نماز جمعہ میں شرکت کی ہدایت کی۔ شہروں میں مین پلاسٹک ہول ڈھکن متعارف کرنے پر اتفاق  کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ملک کو ترقی کے لئے امن و استحکام چاہیے۔ فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں۔ پولیس کی کسی تعیناتی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں۔ کام کر کے دکھائیں۔ محض جرمانہ کافی نہیں۔ گراں فروشی پر تین دن کے لئے دکان بند کی جائے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نالہ لئی کی مون سون بارشوں سے قبل صفائی سے سیلابی کیفیت نہیں پیدا ہوئی۔ مری میں 35 غیر قانونی بلڈنگیں مسمار کردی گئی ہیں۔ مری کے ساملی ہسپتال کی جلد تکمیل اور دونوں ہسپتالوں کے لئے ٹرانسپورٹ جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔ ایم این اے راجہ اسامہ سرور، حسن اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، کمشنر عبدالعامر خٹک، ڈی سی مری ظہیر عباس شیرازی، آر پی او بابر سرفراز، ڈی سی راولپنڈی حسن، اے ڈی سی مری شہریار شیرازی، اے سی مری کیپٹن (ر) عبد الوہاب اور ڈی ایس پی ملک ارشد نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن