لکی مروت کلاچی: دہشتگردوں کا حملہ ، پولیس موبائل پر فائرنگ ، 3اہکار شہید 6زخمی

Aug 19, 2024

ڈیرہ اسماعیل خان‘ لکی مروت‘ اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی کے قریب سکیو رٹی فورسز اور ایلیٹ فورس کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں2 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے حوالدار محمد شوکت اور سپاہی محمد عمران شہید جبکہ سپاہی امجد، اجمل اور جہانزیب زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ڈیرہ علاج کیلئے فوری طور پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ لکی مروت میں تھانہ برگی کی پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ ایک پولیس اہلکار شہید اور ایس ایچ او سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا‘ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے تھانہ برگی کی حدود میں پولیس پارٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید کانسٹیبل نثار خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں