لاہور(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر بلال یٰسین اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری کا داتا دربار کے عرس امور کا جائزہ، سکیورٹی کے انتظامات، زائرین کی آمدورفت، ٹریفک مینجمنٹ پلان، ناجائز تجاوزات کا خاتمہ، پارکنگ، پانی و دودھ کی سبیل کی تنصیب اور لنگر کی ترسیل سمیت جملہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن، واسا، سوئی گیس، کارپوریشن فوڈ اتھارٹی سمیت جملہ دیگر محکمہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اس سال عرس انتظامات کے حوالے سے ذیلدار روڈ اور بلال گنج ایریا کو ٹریفک فری کر کے عام زائرین کیلئے پیدل چلنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے داتا دربار ہسپتال، مسلم ہائی سکول، آزادی چوک سمیت دیگر مختلف مقامات پر سہولت کا اہتمام ہوگا۔ موسم کی صورتحال کے پیش نظر ایل ڈبلیو ایم سی کے دستے ہمہ وقت مستعد رہیں گے۔ متوقع بارشوں کے سبب تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری ہوچکا ہے۔ ایسی غیر قانونی سبیلیں اور ٹھیلے جو راستے روکنے کا سبب بنیں، ان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اور سیکرٹری اوقاف نے کہا حضرت داتا گنج بخشؒ کے 981 ویں سالانہ عرس کے دوران زائرین و عقیدت مندوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے۔دربار شریف کے،گرد و جوار میں سکیورٹی انتظامات کی سخت مانیٹرنگ، سی سی ٹی وی کیمرہ جات سے کڑی نگرانی، سکیورٹی کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی معمولی کوتاہی برداشت نہیں،پولیس،قومی رضا کار اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران مستعد ہیں۔