اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے امت تفرقہ بازی کو ختم کر دے:طاہر القادری  

Aug 19, 2024

لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہانگ کانگ میں ایک بہت بڑی سیرت النبیؐ کانفرنس کے دوران اتحاد امت و اتحاد بین المسلمین کی فکر کے فروغ کیلئے’’ملی مجلس سیرت ہانگ کانگ‘‘ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے امت تفرقہ بازی کو ختم کر دے۔ ہانگ کانگ میں آباد مسلمان عبادات اور مذہبی ایام مشترکہ طور پر منا کر پوری امت کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیں اور اس مصطفوی فکر کا عملی نمونہ بنیں۔منہاج القرآن سمیت تمام مکتب فکر کے علماء و نمائندے اتفاق رائے کے ساتھ فیصلے کرنے کیلئے اس ملی مجلس سیرت کی ایگزیکٹو کونسل کا حصہ ہوں گے۔ یہ مجلس اس سال ’’ملی سیرت النبیؐ کانفرنس بسلسلہ جشن میلاد النبی ؐ کا انعقاد کرے، ہانگ کانگ میں آباد مسلم کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلے یہ کونسل جامع مسجد کولون اور دیگر مساجد میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے کانفرنسز کا اہتمام کرے۔ حضور نبی اکرمؐ  کی محبت تمام مسلمانوں کا مشترکہ اثاثہ ہے۔ اسی بنیاد پر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور منافرت و تقسیم کے فتنے سے بچا جا سکتا ہے۔مسلمان بننے کیلئے پہلے اچھا انسان بننا ضروری ہے، اچھا انسان جھوٹ نہیں بولتا، فحش گوئی نہیں کرتا، بدیانت نہیں ہوتا، کسی کا نا حق مال نہیں کھاتا، مسلمان کے فرائض تو اس سے کہیں زیادہ ہیں۔

مزیدخبریں