لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 256 چھاپے مارے گئے، مکروہ دھندے میں ملوث 114 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 112 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 119 کلو گرام چرس، 72 کلو افیون،4 کلو ہیروئن،1 کلو آئس،967 لٹرز شراب برآمد کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر پولیس ٹیموں نے 44881 ریڈز کئے ، منشیات کے دھندے میں ملوث 21431 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، 20878 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 13 ہزار 476 کلو چرس،246 کلو گرام ہیروئن،398 کلو گرام افیون،75 کلو گرام آئس اور 17 لاکھ 39 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔