شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ روڈ پر نالوں کی صفائی کے منصوبہ کو ضلع کونسل کے عملہ نے مقامی رہائشیوں اور تاجروں سے بھتہ خوری کا ذریعہ بنا لیا ،مٹھی گرم کرنے والے تاجروں اور رہائشیوں کی دکانوں اور گھروں کے باہر سے نالہ کی سلیپس کو اکھاڑے بغیر نالہ کی صفائی انجام دینے لگے جبکہ بھتہ نہ دینے والے افراد کے گھروں اور دکانوں کے باہر کی نالہ کی سلیپس اکھاڑنے سمیت نالہ سے نکالا گیا کوڑا کرکٹ اور گندگی کو ڈھیروں کی شکل میں جمع کرنا شروع کردیا۔ اہل علاقہ کے مطابق گزشتہ برس میونسپل کمیٹی کے عملہ صفائی نے اس نالہ کی صفائی کا عمل انجام دیا اس دوران نہ تو سلیپس جگہ جگہ سے اکھاڑی گئیں اور نہ ہی نالہ سے نکالے گئے کوڑے کرکٹ اور گندگی کو مقامی رہائشیوں کی دکانوں اور مکانوں کے باہر جمع کیا گیا،اس سال ضلع کونسل نے پرائیویٹ عملہ کے ذریعے اس نالہ کی صفائی کا عمل شروع کیا جس نے نہ صرف نالہ کی لاکھوں روپے مالیت کی سلیپس اکھاڑ ڈالیں بلکہ نالہ کو بھی جگہ جگہ سے جان بوجھ کر کھڈوں کی شکل میں تباہ کردیا۔