فیروزوالہ (نامہ نگار) پولیس چوکی کوٹ عبدالمالک کے سامنے شہریوں نے پولیس گردی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔ روڈ بلاک ہونے سے ٹریفک جام ہو کر رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس چوکی کوٹ نور شاہ کے انچارج سب انسپکٹر ابرار حسین نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ کوٹ عبدالمالک کے رہنے والے محنت کش رضا نامی کے گھر ریڈ کے دوران حاملہ خاتون پر تشدد کیا۔ پولیس اہلکاروں نے ریڈ کے دوران حاملہ خاتون کے پیٹ پر ٹانگ ماری جس سے خاتون کے پیٹ میں نو ماہ کی بچی دم توڑ گئی۔ خاتون کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹرز نے ایمرجنسی آپریشن کیا۔ بچی مردہ حالت میں پیدا ہوئی۔ خاتون طیبہ بی بی کی حالت تاحال خطرے میں ہے۔ پولیس نے موبائل چوری کے شبہ میں چھاپہ مارا۔ مدعی رضا نے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست دے دی مگر پولیس اہلکار پیٹی بھائیوں کے خلاف مقدمہ نہیں درج کر رہے۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے ایس پی آپریشن کو انکوائری افسر مقرر کر کے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔
کوٹ عبدالمالک: چھاپے کے دوران تشدد، خاتون کے پیٹ میں بچی جاں بحق، ورثا کا احتجاج
Aug 19, 2024