لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں 75 فیصد مسلمانوں نے کہا ہے کہ وہ حالیہ نسلی فسادات کے بعد سے خوف زدہ ہیں اور خود کو یہاں غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلم خواتین کے نیٹ ورک کے ایک سروے میں ملک بھر میں انتہائی دائیں بازو کے فسادات کے بعد برطانیہ میں 3 چوتھائی مسلمانوں نے اپنی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سروے میں 16 فیصد مسلمانوں نے کہا کہ وہ حالیہ تشدد کی لہر پھوٹنے سے پہلے سے بھی خود کو یہاں ایسا ہی محسوس کرتے تھے۔ 20 فیصد نے کہا کہ انہیں 30 جولائی کو ساؤتھ پورٹ سے شروع ہونے والے ہنگاموں سے بھی پہلے پرتشدد صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سروے میں حصہ لینے والے 75 فیصد مسلمانوں نے کہا کہ ان حالیہ فسادات کے بعد وہ برطانیہ میں خود کو اور اپنے اہل خانہ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے تشویش میں مبتلا ہیں۔
برطانیہ میں 75 فیصد مسلمان نسلی فسادات کے بعد خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں: سروے
Aug 19, 2024