لاہور‘ نوشہرہ ورکاں‘کامونکی (این این آئی+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران مزید435 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 127 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے 7 کو گرفتار کرا دیا گیا۔ 4 لاکھ 30 ہزار 382 یونٹس چارج کیے گئے جن کی مالیت 1 کروڑ 22 لاکھ 49 ہزار 191 روپے بنتی ہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 143 سے رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان کے مرکزی دفتر میں ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری پکڑی گئی۔ لیسکو ترجمان کے مطابق جیا موسیٰ سب ڈویژن کی ٹیم نے رکن اسمبلی سمیع اللہ کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا۔ رکن اسمبلی کے بیس سے پچیس ساتھیوں نے جیا موسیٰ سب ڈویژن کے اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ ایس ڈی او جیا موسیٰ سب ڈویژن نے منظر سے غائب ہوکر جان بچائی۔ سمیع اللہ خان کے ساتھیوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ بااثر افراد کی جانب سے ایس ڈی او پر صلح کے لیے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ سارے معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔ علاوہ ازیں دو ہفتوں کے دوران چاروں سب ڈویژنز میں بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران نوشہرہ ورکاں میں 41 افراد بجلی چوری کے مرتکب پائے گئے۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے علاوہ 34740 یونٹس کے ڈیٹیکشن بل کی مد میں ڈالے گئے۔ 1479000 کی رقم میں سے 790550 روپے ریکور بھی کیے گئے۔کامونکی میں سٹی پولیس نے ایس ڈی او گیپکو کی درخواست پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے محلہ سلامت پورہ کے خرم مسیح کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
لیگی ایم پی اے سمیع اﷲ کے دفتر میں بجلی چوری پکڑی گئی‘ لیسکو ٹیم پر حملہ
Aug 19, 2024